Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

مدرسہ تجوید القرآن کاغذیہ محلہ کشن گنج میں حفظ قرآن کی تکمیل پر دعائیہ تقریب کا انعقاد



کشن گنج 17 / ستمبر (نامہ نگار)

مدرسہ تجوید القرآن کاغذیہ محلہ کشن گنج میں ایک پُروقار اور روحانی فضاؤں سے معمور دینی تقریب کا انعقاد ہوا، مدرسے کے چار طلبہ نے مکمل قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں علماج، طلبہ، سرپرست اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر قرآنِ کریم کی عظمت، اس کی تعلیمات اور حفظِ قرآن کی اہمیت پر تفصیلی بیانات پیش کیے گئے۔


مدرسہ کے صدرالمدرسین مولانا حبیب الرحمن کے علاوہ مدرسہ کے اساتذہ — مولانا اکرام الحق قاسمی، مولانا زید حسن مظاہری، حافظ سفیر الدین، حافظ ابو ظفر، قاری فردوس انجم، مولانا تنویر، حافظ توصیف، حافظ دلشاد، حافظ فرہاد، حافظ اشفاق اور ماسٹر عبداللہ — نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔


تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں مفتی ادریس قاسمی (ٹیڑھا گاچھ)، قاری مسعود عالم (دارالعلوم بہادرگنج)، مولانا صابر قاسمی، مفتی و قاضی شاہ نجم مظاہری (مہتمم مدرسہ ٹیڑھا گاچھ)، مولانا امین الدین (ٹیڑھا گاچھ) اور مولانا آفتاب اظہر صدیقی (جنرل سکریٹری مجلس احرار اسلام صوبہ بہار) شامل تھے۔ تمام مہمانان نے فارغ ہونے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور والدین و اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔

مدرسہ ہذا کے مہتمم بھائی سعید الرحمن نے بھی حفظ قرآن پاک مکمل کرنے والے طلبہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کے والدین کی حوصلہ افزائی کی۔

حفظ مکمل کرنے والے خوش نصیب طلبہ کے نام یہ ہیں:

(1)حافظ دلفراز ابن امین الدین

(2) حافظ نثار احمد ابن عبدالقدوس

(3) حافظ اکبر ابن عارفین (دھادر، ٹیڑھا گاچھ)

(4) حافظ ثقلین ابن مولانا جواد (لودھاباڑی، ٹیڑھا گاچھ)


اس موقع پر علمائے کرام نے قرآن کریم کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ قرآن کریم دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ مفتی ادریس قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ “قرآن کا حافظ بننا اللہ کی بڑی نعمت ہے، حافظ قرآن نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے خاندان کے لیے بھی باعثِ رحمت ہوتا ہے۔” مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے کہا کہ “قرآن کریم ہمارے معاشرتی، اخلاقی اور روحانی نظام کا بنیادی سرچشمہ ہے، اگر ہم اسے صحیح معنوں میں سمجھ کر اپنائیں تو ہماری زندگی سنور سکتی ہے۔” قاری مسعود عالم نے طلبہ کو نصیحت کی کہ “قرآن کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل کرنا سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔”


مفتی شاہ نجم مظاہری نے بھی اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کو قرآن کریم کے پیغام کو عام کرنے، اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے اور اس کے مطابق تعلیم و تربیت کا نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ مدارسِ دینیہ امت کے دینی تشخص کی حفاظت اور قرآن و سنت کی تعلیم کے سب سے بڑے مراکز ہیں، جنہیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔


تقریب کے آخر میں حفاظ کرام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ان کے والدین، اساتذہ اور سرپرستوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا کہ انہوں نے دینی تعلیم کو مقدم رکھا۔ تمام شرکا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کشن گنج جیسے خطے میں قرآن کریم کی تعلیم کا یہ سلسلہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

______________

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے