پوٹھیا، کشن گنج (15 ستمبر 2025):
تنظیم پیغامِ شریعت طلبہ اشرفیہ کشن گنج بہار کے زیر اہتمام کربلا میدان میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ایک تاریخ ساز تعلیمی انعامی مقابلہ منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام گل گلزار نقشبندیت، پیر طریقت حضرت علامہ الحاج سید الشاہ شمس اللہ جان مصباحی صاحب قبلہ، سجادہ نشین خانقاہ سمرقندیہ دربھنگہ کی صدارت اور سرپرستی میں انجام پایا۔
یہ مسابقہ چار اہم علمی عناوین پر مشتمل تھا:
۱۔ حفظِ قرآن مجید
۲۔ علمِ نحو
۳۔ علمِ صرف
۴۔ اسلامک کوئز
اس مقابلے میں کشن گنج، اتر دینا چور اور اطراف کے مختلف مدارس اسلامیہ کے طلبہ کے ساتھ ساتھ اسکولوں کے بچوں نے بھی پرجوش شرکت کی۔
دارالعلوم حلیمیہ ڈانگی بستی کے دو ہونہار طلبہ عزیزم محمد حسنین رضا (درجہ اولی) اور عزیزم محمد رمضان علی نے اس مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عزیزم محمد حسنین رضا نے مسابقہ علمِ صرف میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ عزیزم محمد رمضان علی نے مسابقہ حفظِ قرآن میں اعزازی انعام حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کیا۔
اس موقع پر علمائے ڈانگی بستی اور اراکینِ کمیٹی دارالعلوم حلیمیہ کے اساتذہ کرام خصوصاً ماہر علم و فن حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری محمد اقبال احمد مصباحی صاحب قبلہ (صدر المدرسین دارالعلوم حلیمیہ) کو خصوصی مبارک باد پیش کی گئی کہ ان کی محنت اور رہنمائی سے طلبہ نے یہ شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ کمیٹی نے خوشی کے اس موقع پر متفقہ فیصلہ کیا کہ عزیزم محمد حسنین رضا سے سالانہ فیس معاف کی جائے گی تاکہ دیگر طلبہ بھی محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب پائیں۔
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ ایسے مسابقات طلبہ کی علمی و فکری صلاحیتوں کو جِلا بخشنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اساتذہ کرام کی محنت رنگ لاتی ہے۔ علمائے کرام نے طلبہ کو مزید محنت اور مسلسل جستجو کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں برکت دے اور دین و دنیا دونوں میدانوں میں کامیابیاں عطا فرمائے۔
اختتام پر علمائے ڈانگی بستی اور اراکینِ کمیٹی نے تنظیم پیغامِ شریعت طلبہ اشرفیہ کو اس تاریخ ساز انعامی مسابقہ کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ دارالعلوم حلیمیہ مستقبل میں بھی قابل، فاضل اور لائق اساتذہ کی نگرانی میں تعلیمی اور دینی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوتا رہے گا۔
____

 
 
 


 
 
 
0 تبصرے