Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

کشن گنج میں فضیلۃ شیخ شاہ فہد سنابلی مدنی کا پرتپاک استقبال، علمائے کرام سے ملاقات اور علمی تبادلۂ خیال



کشن گنج، 24 جولائی (پریس ریلیز)
کشن گنج کی علمی سرزمین پر ممبئی سے تعلق رکھنے والے ممتاز سلفی عالم دین فضیلۃ الشیخ شاہ فہد سنابلی مدنی کا شایانِ شان استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام جن میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالکریم علیگ سلفی، مولانا عبدالواحد بخاری اور مجلس احرار اسلام صوبہ بہار کے جنرل سکریٹری مولانا آفتاب اظہر صدیقی پیش پیش تھے، جنہوں نے گلدستہ پیش کرکے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

استقبالی نشست میں دکتور امان اللہ مدنی کے علاوہ مقامی و ریاستی سطح کے کئی علمائے کرام، دینی کارکنان، اور تعلیمی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس دوران علاقائی تعلیمی پسماندگی، بالخصوص مسلم لڑکیوں کی تعلیمی صورتحال، عصری چیلنجز، اور عوامی فلاحی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔

فضیلۃ الشیخ شاہ فہد سنابلی نے کشن گنج کے لوگوں کی دینی و تعلیمی بیداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہ خطہ علم اور خدمتِ دین کے لیے ایک زرخیز میدان ہے، یہاں کے علماء اور ادارے ملک و ملت کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔"

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جامعہ عائشہ للبنات، حلیم چوک، کشن گنج میں بہار کے گورنر عزت مآب عارف محمد خان کی آمد کے موقع پر بھی شیخ شاہ فہد مدنی خصوصی مدعوین میں شامل تھے۔ گورنر کی موجودگی میں اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیمِ نسواں، خصوصاً دینی تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ: "جو قوم اپنی بیٹیوں کو علم سے آراستہ کرتی ہے، اللہ تعالیٰ اس قوم کو عزت و سربلندی سے نوازتا ہے۔ تعلیم صرف دنیا نہیں، آخرت کی کامیابی کا بھی ذریعہ ہے، اور بچیوں کی دینی تربیت والدین کے لیے صدقۂ جاریہ ہے۔"
پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں نے ضلع کے تعلیمی، ملی اور فلاحی مسائل پر باہم تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ علم و اصلاح کا یہ سفر مزید مضبوطی سے آگے بڑھے گا۔

*صدائے حق نیوز*
www.sqnews.in

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے