اے اہلِ زبان!!
اے عشّاقِ سخن!!
آپ "شاعر" نامی شخصیت سے تو لازماً واقف ہوں گے — وہی جو لفظوں سے کھیلتے نہیں ؛ انہیں سنوارتے ہیں۔ جو فن کے ساتھ سنجیدہ، عروض کے ساتھ مخلص، اور لفظوں کے ساتھ وفادار ہونے کے ساتھ ساتھ فطرت اور حسن فطرت کے رمز آشنا اور حالات زمانہ کے نبض شناس ہوتے ہیں۔
"متشاعر" بھی آپ نے یقیناً دیکھے ہوں گے — اجی! وہی جو "وہب " اور "کسب " کے فرق سے ناآشنا ہوتے ہیں۔ جو شاعری کو صرف قافیہ پیمائی سمجھتے ہیں۔ تک بندی جن کی شناخت اور تضمین جن کی معراج ہوتی ہے۔
اور "مشاعر" سے بھی آپ کا سابقہ ضرور پڑا ہوگا— ارے وہی! جو فن سے زیادہ اسٹیج کو عزیز رکھتے ہیں۔ جو لفظوں سے زیادہ مائیک کے عاشق ہوتے ہیں۔ جو دوسرے شعرا کے کلام کے کان مروڑتے ہیں۔ جو قدیم رسائل اور دواوین سے نظموں (خاص کر نثری نظم) کے ٹکڑے اُٹھا کر ان کو اپنے عروضی پیمانوں میں فٹ کرتے ہیں۔ جن کے پٹارے میں مانگے کے اجالے کے سہارے ہر قومی اور عالمی دن کی مناسبت سے ایک شاندار نظم موجود رہتی ہے۔
مگر اب ذرا ٹھہریے!
ہوشیار! خبردار! با ملاحظہ! با ادب!
کیونکہ ہم "بازار ادب" میں پیش کرنے والے ہیں ایک انتہائی دل فریب اور نہایت "دلچسپ" اصطلاح۔۔۔
جی ہاں! دل تھام کر رہیے! اب آپ کو ملوایا جائے گا ایک نئی، انوکھی، اور دل کش(کاف پر زبر اور پیش لگانے میں آپ خود مختار ہیں) مخلوق سے…
جسے کہتے ہیں: "چشاعر!"
آپ نے صحیح پڑھا " چشاعر"!
دراصل یہ لفظ بنا ہے چند دلچسپ مخلوقات کو جوڑ کر:
چپڑقناتی + چالباز + چالاک + چور + چیٹر + چغد + شاعر = چشاعر!
یعنی نہ شاعر، نہ متشاعر، نہ مشاعر —
بلکہ "چشاعر!"
جو مشاعروں میں شاعری نہیں ؛ شعبدے دکھاتا ہے۔ جسے" تزئین کلام " کی جگہ "تحسین صوت و لباس" کی پرواہ ہوتی ہے۔ اور جو اپنی بیساکھی کے طور پر "وہ واہ، وہ واہ، وہ واہ" نامی چھڑی ضرور ساتھ رکھتا ہے۔
تو حضرات! تیار رہیے، کیونکہ جلد ہی ہم پیش کریں گے "چشاعر" کا بھرپور تعارف، مکمل شگفتگی اور کامل شوخی کے ساتھ۔
یعنی ایک تحریر جس میں "چشاعر" کی مکمل فکریو فنی خاکہ نگاری آپ کے ذوقِ سلیم کی نذر کی جائے گی —
مگر اس سے پہلے، ایک مفت مشورہ
اس درمیان معروف مزاحیہ ادیب شوکت تھانوی کا لازوال کلاسیکی مزاحیہ مضمون "مشاعرہ" ضرور پڑھ ڈالیں۔
(لنک پیش خدمت ہے: "مشاعر
شوکت تھانوی
"
تاکہ زمین ہموار ہو، فضا سازگار ہو اور چشاعر کی فصل زوردار ہو۔
انتظار کیجیے ۔۔۔ جلد ہی ملاقات ہوگی۔
اور ہاں! انتظار کی یہ زحمت بھی محض اس لیے دی جارہی ہے تاکہ اس درمیان ہم موقع غنیمت جان کر ایک " آل انڈیا چشاعرہ" میں تشریف لانے والے چند مؤقر ضلعی ، صوبائی اور ملکی چشاعروں " سے چستفید ہولیں۔
🖊️سعید الرحمن سعدی، سیتامڑھی
گریٹ انڈیا اکیڈمی ململ مدھوبنی
0 تبصرے