*کاندیولی (ویسٹ): 17 / ستمبر (نامہ نگار)* مسجد رحمت، گنیش نگر میں گذشتہ روز بعد نماز مغرب تا عشاء سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک روحانی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیرھ سو سے زائد خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز قاری صلاح الدین ندوی کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ نعتیہ کلام پیش کرنے کی سعادت مولانا مدثر عزیزی اور قاری فاروق صدیقی نقشبندی نے حاصل کی، جن کی دلنشیں آوازوں نے سامعین کے دلوں کو گرما دیا۔
اجلاس میں خصوصی خطاب مفتی عنایت اللہ خورشید قاسمی استاذِ حدیث دارالعلوم عزیزیہ میرا روڈ، نے کیا۔ انہوں نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کو عصر حاضر کے مسائل کے حل کے طور پر پیش کیا۔ ان کا خطاب نہایت علمی اور فکری تھا، جس نے سامعین کے دلوں کو متاثر کیا۔
پروگرام کی نظامت مفتی عاقب بدر نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔ پروگرام کا اختتام مفتی عنایت اللہ خورشید قاسمی کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس نے حاضرین کی آنکھوں کو نم کر دیا۔
اجلاس میں خواتین کے علاوہ مردوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ نمایاں شخصیات میں مولانا ارشد صاحب، قاری اکرام الدین انصاری، دلشاد انصاری، قمر الدین صاحب، نعیم صاحب، ابو الوفا صاحب، جاوید چودھری، قطب الدین انصاری اور مولانا اختر وغیرہ شامل تھے۔
یہ روح پرور اجلاس حاضرین کے دلوں میں سیرت النبی ﷺ کی محبت اور اسلامی تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا سبب بنا۔
0 تبصرے