Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

جامع مسجد ہانڈی بھاسہ میں اصلاح معاشرہ کا پروگرام کامیابی سے ہم کنار



                جمعیۃ علماء کشن گنج کے زیر اہتمام جمعیۃ علماء کوچادھامن نے گزشتہ 24/ستمبر 2024ء بعد نمازِ مغرب بروز منگل ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی  ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز استاذ حدیث بے باک مقرر حضرت اقدس مولانا و مفتی محمد اشرف عباس صاحب دامت برکاتہم العالیہ تھے۔

قرب وجوار کے عوام وخواص کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی تمام لوگوں نے مولانا محمد ساجد صاحب ندوی دامت برکاتہم کی امامت میں نماز عشاء ادا کی اس فریضہ کی ادائیگی سے متصلاً ہی باضابطہ پروگرام کا آغاز ہوا،

تلاوت کلام پاک اور حمد و نعت کے بعد جمعیۃ علماء کشن گنج کے ترجمان وسکریٹری جناب مفتی محمد مناظر نعمانی صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ مہتمم ادارہ اسعد المدارس کشن گنج نے اپنی گفتگو میں فرمایا کہ ہمارے معاشرے میں بیشمار خرابیاں در آئی  ہیں جن کی اصلاح ازحد ضروری ہے ابھی اس مختصر وقت میں تمام چیزوں کا احاطہ تو ممکن نہیں ہے البتہ ان میں سے ایک خرابی جو ہم اور آپ خود انجام دیتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم اپنی بچیوں کی دو دو بار شادیاں کرتے ہیں ایک بار نکاح کی شکل میں اور ایک بار رخصتی کی شکل میں اور لمبے لمبے عرصے تک نکاح کر کے رکھ دیتے ہیں جو کسی طرح سے مناسب نہیں ہے اس کے بے شمار نقصانات اور خرابیوں کو  ہم خود اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں ان سے  ہمیں مکمل احتراز کرنے کی ضرورت ہے ۔

       وہیں پر جمعیۃ علماء شہر کشن گنج  کے صدر محترم حضرت اقدس مولانا فیض الرحمٰن صاحب ندوی دامت برکاتہم العالیہ مہتمم جامعہ اسلامیہ کشن گنج نے معاشرہ میں پھیلی ہوئی برائیوں کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے گاؤں محلے میں ابھی آلو پیاز ساڑھی سوٹ اور دیگر چیزوں کے پھیرے لگانے والے جوق درجوق آرہے ہیں اور ہماری مائیں ،بہنیں،بہو اور بیٹیاں بے محابا بغیر کسی شرم وحیاء کے بے پردہ ہوکر اس اجنبی اور غیر محرم سے سامان خریدنے کے بہانے باتیں کرتی ہیں اور اس کے نتیجے میں ناگہانی واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں لیکن ہمارے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ہمیں کوئی فرق ہی نہیں پڑتا، ہماری غیرت کہاں چلی گئی، ہم انہیں کیوں نہیں روکتے، ہم اس اجنبی کو بلا اجازت اپنے آنگن میں کیوں آنے دیتے ہیں؟۔

          خدارا ہمیں چوکنّا رہنے کی ضرورت ہے اللّٰہ ہم سب کی حفاظت فرمائے ۔

بعدازاں اس پروگرام کے دولہا مہمانِ ذی وقار ازہر ہند مادر علمی دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث حضرت اقدس مولانا ومفتی محمد اشرف عباس صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے پورے مجمع سے مخاطب ہوکر ایمان ویقین اور عقائد کی قدر وقیمت کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ: ہم اگر چاہتے ہیں کہ ہماری اولادیں اور نسلیں صاحب ایمان اور نیک ہوں پارسا ہوں تو ہمیں دو کام کرنے ہوں گے (1) اپنے بچوں کو حلال ،صاف،اور پاکیزہ رزق کھلانا ہوگا ۔سودی کاروبار ،لون ،بندھن،زمین جائیداد میں بہن اور پھوپھیوں کے حق مارنے، دھوکہ ،وعدہ خلافی ،بے ایمانی ان جیسی آمدنیوں سے پرہیز کرنا ہوگا ۔

(2) خود نیک بننا ہوگا۔ چوری،ڈکیتی،قتل،لڑائی جھگڑے،فحش تصویر و فلم اور موبائل کے غلط استعمال کے گناہ سے بچنا ہوگا ۔

زنا جو ایک قرض ہے کہ کسی کی بہن، بیٹی، بہو، بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کریں گے تو کل غیر بھی ہماری بہن،بیٹی،بہو،بیوی کے ساتھ بھی ناجائز تعلقات استوار کرکے اس کا بدلہ چُکائیں گے ۔

ہم اپنی اولادوں کو حلال صاف اور پاکیزہ رزق کھلائیں اور خود نیکی کے راستے پر چل کر نیک بنیں؟ ان شاءاللہ اولادیں نیک بنیں گی۔

             اس پروگرام کی نظامت کررہے شعبہ اصلاح معاشرہ ضلع کشن گنج کے سکریٹری جناب مفتی عبدالباری صاحب قاسمی صدرالمدرسین مدرسہ حزب المسلمین پوناس سونتھا کوچادھامن نے دورانِ نظامت سامعین کو اس پرفتن دور میں اپنے اور اپنی اولاد کے ایمان کی حفاظت کے تئیں تین نسخے بتائے: 

1/ مدارس و مکاتب سے اپنے تعلق کو اُستوار کریں ۔

2/ دعوت وتبلیغ کے کاموں سے جُڑ جائیں۔

3/خانقاہوں، ذکر کی مجلسوں اور اللہ کے ولیوں سے جُڑ جائیں تو ان شاء اللہ اس پُرفتن دور میں ہمارے اور ہماری اولادوں کے ایمان سلامت ومحفوظ رہ سکتے ہیں ۔

       کشن گنج سے تشریف لائے ہوئے مہمان جناب مولانا شمیم ریاض صاحب ندوی محرک مجلس علماء ملت کشن گنج نے جسمانی و روحانی طاقتوں کے استعمال اور فوائد سے سامعین کو روشناس کرایا ۔

وہیں پر مولانا آفتاب اظہر صاحب صدیقی جنرل سکریٹری مجلسِ احرار صوبہ بہار نے کہا کہ  رسمی و موسمی جلسوں سے لاکھ گنا بہتر اس طرح کے پروگرام کا امت کو فائدہ پہونچے گا ان شاءاللہ۔ 

جمعیۃ علماء کوچادھامن کے جنرل سکریٹری جناب قاری مرشد صاحب نے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو سنتوں پر عمل کرنے کی تلقین کی اور مولانا عبدالوکیل صاحب قاسمی نے ولولہ انگیز بیان کے ذریعہ سامعین کو عمل کی نیت سے علماء اکرام کے بیانات کو سننے کی دعوت دی ۔

           اس پروگرام کے داعی روحِ رواں،میرکارواں جمعیۃ علماء شہر کشن گنج کے جنرل سکریٹری جناب مولانا ابوسالک ندوی صاحب ڈائریکٹر اقصیٰ ایڈورٹائزنگ کشن گنج نے آئے ہوئے تمام مہمانوں و کارکنوں کا دل کی اتاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

            الحمدللہ ہمارے گاؤں ہانڈی بھاسہ کے تمام نوجوانوں نے اس پروگرام کو کامیابی کی دہلیز تک پہونچانے کے لیے انتھک محنتیں اور کوششیں کی۔ اللّٰہ ان تمام حضرات کو بہترین بدلہ عطافرمائے آمین جن میں سے خصوصی طور پر جناب اسلم صاحب جناب چیئرمین ناصر عارفی صاحب جناب اسعد عالم صاحب جناب ماسٹر صبیح احمد صاحب جناب ماسٹر شہنواز عالم صاحب جناب احتشام جیلانی صاحب جناب مولانا معروف صاحب جناب مولانا نجم الثاقب صاحب امام وخطیب جامع مسجد ابوبکر بھاگ پوناس، جناب حافظ شباب احمد صاحب امام جامع مسجد ستال بہادر گنج جناب حافظ اشرف صاحب عزیزم حافظ ابوصالح صاحب جناب ماسٹر مسرور انجم صاحب جناب فرحان ہاشمی صاحب جناب مولانا اشہر الحسن صاحب جناب سمیتی امتیاز عالم صاحب جناب بلغ العثمانی صاحب عزیزم بابو رضا انور وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں اخیر میں حضرت مہمان مکرم کی رقت آمیز دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے