امروہہ 21/ اگست (صدائے حق نیوز) بزمِ آسی امروہہ واٹس ایپ گروپ کے زیر اہتمام خلیفۂ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شان میں آن لائن محفل منقبت کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت مولانا آفتاب اظہر صدیقی کشن گنجوی نے فرمائی اور مولانا رئیس احمد عرشی کلیری نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ کنوینر تاجدار احمد نے بحسن و خوبی محفل کا انعقاد کیا۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر حافظ لئیق قمر منگلوری کی شرکت رہی اور خواجہ امن جنید ، انیس امروہوی، مہربان امروہوی، انوار صمدانی نے میزبانی فرمائی۔
قاری ندیم عاصم بجنوری نے تلاوت قرآن پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ صوفی رفیق احمد آسی مرحوم کے نعتیہ کلام سے برکت حاصل کرتے ہوئے منقبتی سلسلے کا آغاز کیا گیا۔ قارئین کے لیے شعراء کے کلاموں سے منتخب اشعار پیش خدمت ہیں:
نرالی شان و شوکت ہے عمر فاروق اعظم کی
ہمارے دل میں عزت ہے عمر فاروق اعظم کی
ندیم عاصم بجنوری
منافق جائے تو جائے قمر کیسے مدینے میں
عمر کا بغض اس کے پاؤں کی زنجیر بنتی ہے
قمر منگلوری
زمانے کوضرورت ہے عمر فاروق اعظم کی
بہت جا مع خلافت ہے عمر فاروق اعظم کی
گوھر ھلال سیوھاروی
گوہر جہاں کا نظم حکومت بگڑ گیا
سچ پوچھیے تو آج ضرورت عمر کی ہے
ڈاکٹر تنویر گوہر مظفرنگری
محفل میں ہر اک سمت اجالا ہے عمر کا
جو بھی ہے یہاں چاہنے والا ہے عمر کا
انیس امروہوی
کوئی شیطان پھر نہ ٹک پایا
جب کہا میں نے حضرتِ فاروق
مہربان امروہوی
کس درجہ بلندی پہ ستارہ ہے عمر کا
اسلام کی رفعت قد بالا ہے عمر کا
نازش مصطفیٰ امروہوی
دل ان کی فتوحات پہ کہتا ہے یہ مائل
اللہ سے کچھ خاص ہی رشتہ ہے عمر کا
مائل امروہوی
ہے ان کے نام کی تاثیر اکبر آزما لینا
عدو پر اب بھی ہیبت ہے عمر فاروق اعظم کی
اکبر چنوری
دوستی کی اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگی مثال
اب بھی روضے میں نبی کے پاسباں فاروق ہیں
عرشی کلیری
کر نہ پاؤں گا بیاں اوصاف تابان عمر
خون دل سے بھی اگر لکھنے لگوں شان عمر
مولانا کفیل اطہر قاسمی
ہوتا جو نبی بعد محمد وہی ہوتے
معلوم ہوا مرتبہ اعلیٰ ہے عمر کا
سید شیبان قادری
نرالی شان ہے اس کی خلیفہ دوسرا وہ ہے
یہ کیا کم ہے کہ داماد علی مرتضیٰ وہ ہے
مولانا آفتاب اظہر صدیقی
اس گزرگاہ پہ شیطان نہیں رک سکتا
جس سے فاروق معظم کا گزر ہوجائے
اسجد رانا
______________
0 تبصرے