Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

فضیلۃ الشیخ شاہ فہد سنابلی حفظہ اللہ کی ارریہ آمد پر اہلِ سیمانچل کے أبنائے سنابل کی اہم نشست کا انعقاد




ارریہ، 28/ جولائی (پریس ریلیز) ارریہ کی معروف آرامگاہ "گلیشیر ہوٹل" میں ایک پُرمسرت، علمی اور فکری نشست کا انعقاد ہوا۔ متحرک عالم دین اور داعی شیخ شاہ فہد سنابلی مدنی حفظہ اللہ کی ارریہ آمد پر ابناء سنابل سیمانچل کی ایک خصوصی نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس اہم مجلس میں ضلع ارریہ، کشن گنج، پورنیہ، کٹیہار اور گرد و نواح کے سنابل کے فارغین و فضلاء بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔


نشست میں مختلف فارغین نے اپنی ادارتی، دعوتی، تدریسی اور اصلاحی خدمات کا مختصر تعارف پیش کیا۔ ہر شریک کی جانب سے اپنے موجودہ تعلیمی و ملی خدمات کی جھلک پیش کی گئی، جسے شیخ شاہ فہد حفظہ اللہ نے نہایت توجہ اور شفقت سے سنا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔


اس کے بعد اپنے بصیرت افروز خطاب میں شیخ محترم نے فرمایا: "خدمتِ خلق، دینی جذبہ اور ملی مفاد ہمیشہ آپ کے کام کا محرک بننا چاہیے۔ اگر خدمت کا جذبہ پیشِ نظر رہے تو نہ ذاتی مفاد غالب آئے گا، نہ مسلکی تعصب، اور نہ گروہی تنگ نظری۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کی فکر ہمیشہ قوم، امت اور انسانیت کے مفاد میں سرگرم رہے گی۔"


انہوں نے زور دے کر کہا کہ:" اخلاق، معاملات اور لین دین میں آپ کی مثال دی جائے۔ جب ایک عالم دین، ایک داعی، ایک مدرس یا ایک اصلاحی کارکن اپنے کردار سے پہچانا جاتا ہے تو وہی اصل کامیابی ہوتی ہے۔"


شیخ فہد سنابلی نے فارغین کو یہ پیغام بھی دیا کہ:" آپ کا کام روایتی نہ ہو بلکہ انفرادی نوعیت کا ہو۔ آپ کی شناخت آپ کی تقریر سے زیادہ آپ کے عمل سے ہونی چاہیے۔ جس میدان میں ہوں، وہاں آپ نمایاں اور ممتاز نظر آئیں۔"


انہوں نے طلبہ و فضلاء کو دعوت دی کہ وہ دین کے ساتھ ساتھ دنیاوی مہارتوں، تدبیر، تنظیم، میڈیا اور سماجی خدمت کے میدانوں میں بھی اپنی موجودگی درج کرائیں، کیونکہ آج کا دور ہمہ جہتی صلاحیتوں کا دور ہے۔


نشست کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔ تمام شرکاء نے اس ملاقات کو یادگار، مفید اور حوصلہ افزا قرار دیا اور اس عزم کے ساتھ مجلس سے رخصت ہوئے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں دین، اخلاق اور ملت کی خدمت کو نئی توانائی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

نشست میں موجود اہم شخصیات میں ڈاکٹر عزیر اسرائیل سنابلی، شیخ زین العابدین سنابلی، شیخ نثار الحق سنابلی، شیخ وسیم سنابلی مدنی، شیخ شمس الضحی سنابلی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

واضح رہے کہ شیخ شاہ فہد سنابلی حفظہ اللہ ان دنوں بہار و بنگال کے اصلاحی و تعلیمی دورے پر ہیں اور مختلف علمی و دعوتی پروگراموں میں شرکت فرما رہے ہیں۔

_____________

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے