بدعنوانی، رشوت خوری اور سرکاری دھاندلی کے خلاف منظم جدوجہد
پوٹھیا،کشن گنج،6/مئی (پریس ریلیز)مجلس احرار اسلام صوبہ بہار کے جنرل سکریٹری مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے حال ہی میں بدعنوانی کے خلاف ایک منظم اور عوامی تحریک ''مشن اگینسٹ کرپشن'' کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد ریاست میں بڑھتی ہوئی کرپشن، رشوت خوری اور سرکاری محکموں میں جاری دھاندلی کے خلاف آواز بلند کرنا اور عوام کو ان کے حقوق کے لیے بیدار کرنا ہے۔
مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے 2021 کے پنچایتی انتخابات میں ضلع پریشد کے لیے اپنے حلقے سے انتخاب لڑا تھا، جہاں انہوں نے سات ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئے تیسرے مقام پر رہ کر اپنی عوامی مقبولیت کا ثبوت دیا۔ سیاست میں شفافیت اور خدمت کے جذبے سے سرشار مولانا صدیقی ہمیشہ سے مظلوموں کے حق میں اور حق داروں کے لیے جدوجہد کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر کہا:ہماری جدوجہد صرف سیاسی نہیں بلکہ اخلاقی اور سماجی ہے۔ کرپشن کے خلاف خاموشی بھی جرم ہے، اس لیے ہم ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہر سرکاری بے ضابطگی کو بے نقاب کریں گے۔
''مشن اگینسٹ کرپشن'' کے تحت جلد ہی مختلف اضلاع میں بیداری مہم، عوامی جلسے اور قانونی مشاورت کے مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ عام شہری اپنی شکایات اور مسائل کھل کر سامنے لا سکیں۔
مولانا صدیقی نے میڈیا اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں ساتھ آئیں اور ایک صاف و شفاف سماج کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
0 تبصرے