Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

*ہمارے دوست جناب قاری محیط اختر صاحب حکیم جی رشتۂ ازدواج سے منسلک*



     رائے پور اراباڑی سے تعلق رکھنے والے ہمارے ہردلعزیز دوست جناب قاری محیط اختر صاحب جو ایک نبض شناس حکیم بھی ہیں اور اسی پیشے سے منسلک بھی، ان کا نکاح کشن گنج شہر میں ہوا تھا اور آج قدرے سادگی کے ساتھ وہ اپنی شریک حیات کو رخصت کرکے گھر لے آئے، اللہ پاک ان کے لیے ان کی نئی زندگی کو مبارک بنائے اور تاعمر خوشی اور اطمینان سے زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔

   ہمیں تو اپنے تمام دوستوں کی خوشی سے خوشی ملتی ہے، بقول جگر مراد آبادی :
تری خوشی سے اگر غم میں بھی خوشی نہ ہوئی
وہ زندگی تو محبت کی زندگی نہ ہوئی

اسلام نے تجرد اور تبتل کی زندگی کو پسند نہیں کیا ہے؛ بلکہ قرآن نے خود "فانکحوا ماطاب لکم" سے مسلمانوں کو شادی کرنے کی ترغیب دی ہے۔

اسلام میں نکاح ایک عبادت ہے، حدیث میں آیا ہے کہ جو نکاح کرتا ہے اس کا ایمان مکمل ہوجاتا ہے۔

ترمذی شریف کی حدیث دیکھیے :’’حضرت ابو ایوب ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ انے ارشاد فرمایا: چار چیزیں انبیاء کرام (علیہم السلام) کی سنت میں سے ہیں:حیاء ،خوشبو لگانا، مسواک کرنا اور نکاح کرنا‘‘۔                              (ترمذی، ج:۱)

حدیث میں بے نکاح مرداوربے نکاح عورت کو محتاج اور مسکین بتایا گیا ہے:
’’ابن ابی نجیح رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ: مسکین ہے، مسکین ہے وہ مرد جس کی بیوی نہ ہو۔ لوگوں نے عرض کیا: اگرچہ وہ بہت مال والا ہو تب بھی وہ مسکین ہے؟ آپ نے فرمایا: ہاں! اگرچہ وہ بہت مال والا ہو، پھر فرمایا: مسکین ہے، مسکین ہے وہ عورت جس کا خاوند نہ ہو، لوگوں نے عرض کیا: اگرچہ بہت مالدار ہو تب بھی وہ مسکین ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں! اگرچہ مال والی ہو‘‘۔
(مجمع الزوائد ،بحوالہ معجم طبرانی اوسط )
نکاح کرنے سے دین اور دنیا کے بہت سے کام درست ہوجاتے ہیں اور مال کا جو مقصود اصلی ہے، یعنی راحت اور بے فکری، وہ اس مرد کو نصیب نہیں ہوتی ، جس کی بیوی نہ ہو اور اس عورت کو بھی یہ راحت وآرام نصیب نہیں ہوتا ، جس کا خاوند نہ ہو۔ اس لیے مال ہونے کے باوجود شادی نہ کرنے والے مرد وعورت کو اس حدیث میں مسکین کہا گیا ہے۔

ایک حدیث میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’اے جوانو! تمہیں نکاح کرلیناچاہیے، کیونکہ یہ نگاہ کو زیادہ جھکانے والا اور شرمگاہ کی زیادہ حفاظت کرنے والا ہے، اور جو اس کی طاقت نہ رکھے وہ روزے رکھے‘‘۔  (ترمذی)

آخر میں دعا ہے کہ اللہ پاک قاری محیط اختر صاحب کی جوڑی سلامت رکھے اور تمام مجرد و مجردات کے لیے نکاح کی راہیں آسان کردے۔ آمین!

اس تقریب شادی میں مولانا شمیم ریاض ندوی صاحب محرک مجلس علمائے ملت، مولانا عبدالوکیل قاسمی صاحب صدر مدرس مدرسہ انوار القرآن رائے پور، مولانا شاہ فیصل مظاہری اور حافظ معراج صاحب بھی شریک رہے۔

از: آفتاب اظہر صدیقی
کشن گنج، بہار
25 / دسمبر 2023ء

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے