Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

حُبِّ دنیا ایک لمحۂ فکریہ



 مَذہبِ اِسلام ایک پاک و صاف اور سچا مذہب ہے، جس میں کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہے، اور نہ ہی اِس مذہب میں کوئی بھید بھاؤ ہے، اسلام امن وسلامتی اور انسانیت کا درس دیتاہے، ظلم وزیادتی کرنا اسلام میں ناجائز اور حرام ہے، یہاں تک کہ جانوروں پر بھی ظلم کرنا اور ان سے ان کی استطاعت سے زیادہ کام لینا اسلام میں منع ہے، خالق دوجہاں کے نزدیک دین اسلام ہی محبوب اور مقبول ہے، اور دارالقرار یعنی حصول جنت بھی مذہب اسلام کی پیروی پر موقوف ہے، اِسی وجہ سے مذہبِ اسلام کی شان وشوکت، اور رفعت وبلندی دیگر مذاہب کے مقابلے میں ممتاز ہے، اِس وقار کو باقی رکھنے کے لئے امت پرضروری ہے، کہ حُبِّ دنیا اور آرائشِ دنیا سے دلوں کو پاک و صاف رکھے؛ اس لیے کہ جَب لوگوں کے دلوں میں دنیا کے مال و اسباب کی عظمت پیدا ہوجاتی ہے توپھر وہ اسلام کی عظمت وقار سے غافل ہوجاتے ہیں، حدیث شریف میں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "اِذَا عَظَّمت اُمَّتِی الدُّنیَا نُزِعَتْ مِنھَا ھیبةُ الاِسْلَام" 

جب میری امت کے دلوں میں دنیا کی عظمت بڑھ جائے گی، تو اُن کے دلوں سے اسلام کی عظمت اور وقار کو چھین لیاجائے گا، موجودہ دور میں مسلمانوں کے اعمال کو دیکھ کر خواہ خواص ہوں یاعوام، یہ کہنے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی کہ حُبِّ دنیا ہرشخص کے دل میں سرایت کرگئی ہے، ہرشخص دنیا کے مال و اسباب کے پیچھے پڑا ہوا ہے اور احکامِ اسلام سے دوری اختیار کئے ہوئے ہے؛ خصوصاً حلال و حرام، جائز و ناجائز میں کوئی تمیز نہیں رہ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسلام کی عظمت آج امت کے دلوں سے نکلتی جارہی ہے؛ لہٰذا امت کو چاہیے، کہ حُبِّ دنیا سے بچیں، اَللّٰہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت دلوں میں پیدا کریں۔

اللہ پاک امت کو دنیا کے مال و متاع کی محبت سے محفوظ رکھ کر اسلام کی عظمت و ہیبت ان کے دلوں میں باقی رکھے۔

 آمین یارب العالمین_


*(بقلم:- اَبوسعد قاسمی* 

*خادم تدریس:* جامعہ اُبی اِبنِ کعب رضی اللہ عنہ (بنیاٹول) ضِلع اُتر دیناجپور (مغربی بنگال)

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے